کراچی (جیوڈیسک) فاروق ستار کے کوآرڈینٹر آفتاب حسین کو انتہائی تشویشناک حالت میں صبح سات بج کر 55 منٹ پر جناح اسپتال لایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی گئی تاہم آفتاب حسین آٹھ بج کر 20 منٹ پر انتقال کر گئے۔
ابتدائی میڈیکو لیگل رپورٹ کے مطابق آفتاب حسین کو جب جناح اسپتال لایا گیا تو دل کی دھڑکن اور نبض کام نہیں کر رہی تھی۔ مصنوعی تنفس کے ذریعے سانس بحال کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔
سینئر ایم ایل او ڈاکٹر کلیم کہتے ہیں موت کی وجہ کوعدالتی احکامات پر پوشیدہ رکھا گیا۔ آفتاب حسین کو اتوار کے روز فیڈرل بھی ایریا سے گرفتار کیا گیا۔ عدالت نے 90 روز کے لئے آفتاب حسین کو رینجرز کی تحویل میں دیا تھا۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے آفتاب حسین کو سینے میں تکلیف کی شکایت پر اسپتال منتقل کیا جہاں حرکت قلب بند ہونے سے وہ انتقال کر گئے۔ فاروق ستار کا کہنا ہے یقین دلایا جائے کہ آفتاب حسین کی موت طبعی طور پر ہوئی ہے۔ آفتاب حسین کی والدہ کا کہنا ہے ان کا بیٹا صحت مند تھا انصاف چاہتے ہیں۔