نئی دلی (جیوڈیسک) کانگریس کے ر ہنما اور سابق وزیر ششی تھرور نے کہا ہے کہ بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے الزام میں افضل گرو کو پھانسی دینا غلط تھا جب کہ ان کے معاملے کو بھی غلط انداز میں دیکھا گیا۔
ٹوئٹر پر اینے ایک بیان میں کانگریسی رہنما کا کہنا تھا کہ نہ صرف افضل گرو کو پھانسی دینے کا اقدام غلط تھا بلکہ ان کے معاملے کو بھی صحیح طریقے سے نہیں دیکھا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ افضل گرو کو پھانسی دینے سے قبل نہ صرف ان کے خاندان سے آخری ملاقات کرانی چاہئے بلکہ ان کی لاش بھی ان کے خاندان کے حوالے کردینی چاہئے تھی ۔
ششی تھرور کا اعتراف جرم اس وقت سامنے آیا جب مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے 5 کانگریسی ارکان نے چند دن قبل ہی اپنے بیان میں اعتراف کیا تھا کہ 2013 میں پارلیمنٹ حملہ کیس میں افضل گرو کو پھانسی دینا غلطی تھا۔
واضح رہے کہ افضل گرو کو 2001 میں بھارتی پارلیمنٹ پر حملے کے الزام میں 9 فروری 2013 کو پھانسی دے دی گئی تھی۔