افضل خان کی معافی سے ثابت ہو گیا دھرنا پاکستان کیخلاف سازش تھی: دانیال عزیز

 Danial Aziz

Danial Aziz

اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے کہا ہے کہ افضل خان کی غیرمشروط معافی سے ثابت ہو گیا دھرنا پاکستان کیخلاف سازش تھی، مُک مُکا کی باتیں کرنیوالے بتائیں خیبر پی کے میں کیا تبدیلی لائے، اصل کرپشن تو وہیں ہو رہی ہے، پی ٹی آئی کی ضمانتیں ضبط ہو رہی ہیں۔

سونامی کی باتیں ختم ہوگئیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نواز شریف کے وژن کے مطابق جمہوری سازشوں کیخلاف سینہ سپر ہے اور رہے گی۔ وزیر مملکت طارق فضل چوہدری کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب میں دانیال عزیز نے کہا کہ جو دھاندلی کا واویلا کر رہے تھے۔

افضل خان جو الیکشن کمشن کے ملازم تھے، انہوں نے ایک سازش کے تحت بیان دیکر چیف جسٹس افتخار، جسٹس کیانی، آر اوز اور بیلٹ پیپرز کی چھپوائی اور بہت سے دیگر معاملات پر الزامات لگائے لیکن انہوں نے عدالت کے روبرو اب معافی مانگ لی ہے اور جب انہوں نے بیان دیا تھا اس وقت بھی ان کے پاس ثبوت نہیں تھے اور نہ اب وہ پیش کر سکے۔ 35 پنکچرز کے الزامات عائد کئے گئے اور عمران خان اقتدار کی ہوس میں جھوٹ پر جھوٹ بولتے گئے لیکن تحقیقاتی کمشن میں دھاندلی ثابت نہیں ہوسکی اور جو بڑے بڑے دعوے کئے جا رہے تھے اور کہا جا رہا تھا کہ ہمارے ثبوت اور ویڈیو ٹیپ موجود ہیں وہ صرف قوم کو گمراہ کرنے کیلئے تھا اور ڈیڑھ سال تک قوم کا وقت ضائع کیا گیا، معیشت اور صنعت کا پہیہ روکا گیا۔

سرمایہ کاری کے راستہ میں رکاوٹ ڈالی گئی اور اب غیرجمہوری قوتیں پھر اکٹھی ہورہی ہیں اور سڑکوں پر آنے کی باتیں کر رہے ہیں۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف نہ پہلے دھاندلی ثابت ہوئی اور نہ اب الزامات ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوم کو آگاہ کرتے ہیں کہ ان سازشوں کے تانے بانے پہلے بھی ملک و قوم کی ترقی کیخلاف تھے اور اب بھی یہ سازشیں سرمایہ کاری، امن و امان کی بہتری، کاروبار، تجارت اور صنعت دوست معاشی پالیسیوں کیخلاف ہیں۔