پاکستان نے بھارت میں کشمیری شہری افضل گرو کی پھانسی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افضل گرو کی پھانسی پر پاکستان کو تحفظات ہیں۔ انسانی حقوق کے ادارے پھانسی پر بحث کر رہے ہیں۔ کشمیر میں حریت رہنماوں کی گرفتاری اور کرفیو جیسے سنگین اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بھارت حریت رہنماوں کو رہا اور کشمیر میں مظالم بند کرے۔ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔
دوسری جانب افضل گرو کی پھانسی کے خلاف آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ آزاد کشمیر میں افضل گرو کی پھانسی کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں اور بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا گیا جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنان، وکلا ، انجمن تاجران اور سول سو سائٹی کے افراد نے شرکت کی۔ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو آج تیسرے روز بھی جاری ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کرفیو کے باوجود افضل گرو کی پھانسی کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔