پیرس (جیوڈیسک) ملازمتوں کے قوانین میں اصلاحات پر فرانسیسی دارالحکومت پیرس کی سڑکیں میدان جنگ بن گئیں ، پرتشدد مظاہروں میں انتیس پولیس اہلکاروں سمیت 40 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
ملازمتوں کے قوانین میں اصلاحات کے خلاف ہونے والے پُر تشدد مظاہرے میں کئی گاڑیوں کو آگ لگائی گئی اور دکانوں کے شیشے توڑ ڈالے گئے ۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں بھی ہوئی جس میں انتیس پولیس اہلکاروں سمیت 40 افراد زخمی ہوئے ہیں ۔
پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے پانی اور آنسو گیس کا استعمال کیا جبکہ اٹھاون مظاہرین کو گرفتار بھی کیا ہے ۔ مزدور اور طلباء تنظیموں نے ملک بھر میں مظاہروں کی کال دی ہے ۔ ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے پیرس میں ایفل ٹاور سیاحوں کے لیے بند ہے جبکہ ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے ۔