اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے بیورو کریسی میں خلاف ضابطہ تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق اوریا جان مقبول کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے بیورو کریسی میں خلاف ضابطہ تقرریوں و تبادلوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کچھ تقرریوں پر دوبارہ نظرثانی کیلئے بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سلیکشن بورڈ بار بار تشکیل نہیں دئیے جاتے، بڑے گریڈ میں ترقی کیلئے طریقہ کار شفاف ہونا چاہئے، بیورو کریسی کا ڈھانچہ میرٹ کے بغیر تبدیل نہیں ہو سکتا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملک میں گوڈ گورننس میں بیورو کریسی کا کردار اہم ہوتا ہے۔
تقرریاں اور تبادلے اہلیت کی بنیاد پراور بیورو کریسی میں شفافیت اولین ترجیح ہونی چاہئیے، عدالت نے بیورو کریسی میں خلاف ضابطہ تقرریوں اور تبادلوں سے متعلق کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔