اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ایف آئی اے ، اسلام آباد پولیس اور محکمہ ریونیو میں بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی اور خلاف ضابطہ جاری کیے گئے 2 ہزار پاسپورٹس فوری منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی زیر صدارت اجلاس وزارت داخلہ اسلام آباد میں ہوا۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اور ایف آئی اے میں بد عنوان عناصر کی نشاندہی کر کے ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو بدعنوان ریونیو افسران کو بھی فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی۔ چودھری نثار نے کہا کہ ایف آئی اے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو پکڑنے کے لیے کارروائی تیز کرے ۔ اسلام آباد میں کچی آبادیوں اور تجاوزات کے اعداد و شمار بھی اکٹھے کیے جائیں۔