لاہور (جیوڈیسک) چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری نے لاپتہ وکیل کے بازیاب نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ایجنسیاں وفاق کے ماتحت ہیں لیکن کسی کو نہیں پتہ کہ لاپتہ وکیل کہاں ہیں۔
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
پولیس حکام کی جانب سے راولپنڈی سے لاپتہ ہو نے والے وکیل ظہیر احمد گوندل کی بازیابی کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی گئی جس پر چیف جسٹس نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا جولائی میں وکیل لاپتا ہوا تھا لیکن ابھی تک کسی کو نہیں معلوم کہ وہ کہاں ہے۔
ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ہے۔ عدالت اس معاملے کی تہہ تک جائے گی، چیف جسٹس نے قرار دیا کہ پولیس کی کارکردگی صفر ہے۔ عدالت کو آج ہی بتایا جائے کہ وکیل کہاں ہے، عدالت نے کاروائی کچھ دیر کے لئے ملتوی کر دی۔