سرگودھا (جیوڈیسک) اندرون شہر سمیت ضلع بھر میں متعدد لا پرواہ دکان دار ساتھ ہی سگریٹ کا دھندہ بھی کرتے ہیں، غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف بلا تاخیر کارروائی کی جائے، شہریحلقے شہر اور گردونواح کے علاقوں میں دکانداروں نے دکانوں میں پٹرول کے بڑے بڑے کین رکھے ہوئے ہیں
جہاں پر موٹر سائیکل سواروں کو کھلے عام پٹرول کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ اکثر اوقات یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ بعض ایسے دکاندار بھی ہیں جو پٹرول کیساتھ ساتھ سگریٹ بھی فروخت کرتے ہیں اور ایسی دکانوں پر ذرا سی غفلت بڑے سانحہ کا سبب بن سکتی ہے۔ ان دکانداروں کے پاس کسی قسم کا لائسنس وغیرہ بھی نہیں ہے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ انتہائی خطرناک کاروبار صرف نواحی علاقوں میں ہی نہیں کیا جارہا بلکہ شہر کے انتہائی گنجان آباد علاقوں میں جا بجا پٹرول ایجنسیوں کا دھندہ زور شور کے ساتھ جاری ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ صورت حال کا نوٹس لے اور ضلع بھر میں غیر قانونی کاروبار کیخلاف کارروئی کی جائے۔