ماہ محرم الحرام ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جس نے اﷲ کے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کو عظمت و بلندی سے سرفراز فرمایا
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ماہ محرم الحرام ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جس نے اﷲ کے پیارے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے دین کو عظمت و بلندی سے سرفراز فرمایا۔ حضرت امام حسین علیہ سلام اور ان کے جانثار ساتھیوں حق سچ پر اپنی جانیں قربانیں کر کے دنیا کو بتا دیا کہ مسلمان اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ امام حسین نے امت مسلمہ کو باطل اور ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کا وہ شعور عطا فرمایا جو رہتی دنیا تک انسانیت کے کام آئے گا۔
آپ نے جرات وا ستقامت کی لازوال داستان رقم کی آپ نے ظلم آمریت کے خلاف ایک ایسی آواز بلند کی جس کی بازگشت آج 14 صدیوں بعد بھی سنائی دے رہی ہے اور قیامت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے جو شعور دیا وہ حق کا استعارہ بن کر انسانیت کا سر فخر سے بلند رکھے گا آپ نے امت مسلمہ کو بہادری سے جینے کا ڈھنگ سکھادیا۔ آپ مسلح ہوئے اور نہ ہی کسی مقام پر قبضہ کیا۔ آپ ایک ایسی پرامن جدوجہد کیلئے نکلے جس کا مقصد دین کی مٹتی ہوئی قدروں کو بچانا تھا۔
آپ نے باطل کے سامنے ڈٹ کر اپنی جان کا نذرانہ دیکر ثابت کردیاکہ دین کا نظم ہی سب سے بڑھ کر ہے۔ آج بھی ظالم قوتیں اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ وحدت اسلامی کو پارہ پارہ کر نے کیلئے نئے نئے فتنوں کو جنم دے رہی ہیں۔ عالم اسلام کے قلعہ پاکستان کو نقصان پہنچایا جارہا ہے۔ غیر ملکی استعماری طاقتوں اور منافقین نے اس قلعہ کے باسیوں کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ مسلکی اور فرقہ ورانہ بنیادوں پر مسلمانان عالم کو تقسیم کر کے تعصبات کی آگ میں جھونک رہی ہیں۔ احمد فراز لودھی نے کہا کہ پاکستانی قوم کو آج بھی یزیدی نظام کے خلاف اٹھنے کا عہد کرنا ہو گا، اسی سے ملکی استحکام اور خوشحالی نصیب ہو گی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ واہگہ بارڈر پر ہونے والا بم دھماکہ درندگی کی ایک بڑی مثال ہے
وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) واہگہ بارڈر پر ہونے والا بم دھماکہ درندگی کی ایک بڑی مثال ہے، معاشرے میں موجود درندوں نے انسانیت کا جینادشوار کردیا ہے۔ واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایسے واقعات پر قابو پانے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وزیرآبادپریس اینڈ میڈیا ورکنگ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے اراکین محمود احمد خان لودھی، سید شہباز بخاری، عقیل احمد لودھی اور دیگر نے اپنے بیانات میں کیا۔
محمود احمد خان لودھی نے کہا کہ اکیسویں صدی میں بھی انسانوں کے روپ میں موجود درندے اپنی سفاکیت اور درندگی کے خول سے باہر آنے کو تیار نہیں سانحہ واہگہ بارڈ ر میں ضائع ہونے والی قیمتی انسانی جانیں کس کے ہاتھ پر اپنا لہو تلاش کریں۔ انہوں نے واقعہ کو حکومتی ناکامی قرار دیتے ہوئے موجودہ قیادت سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ سید شہباز بخاری نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہر انسانی جانوں سے کھیلنے والے درندہ صفت مجرموں کو تلاش کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔
ریاست اپنے باسیوں کے جان ومال کے تحفظ میں ناکام دکھائی دیتی ہے ملک میں موجود غیر ملکی ایجنسیوں اور ان سے وابستہ افراد کو ملنے والی آزادی نے خطہ کے امن وسکون کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے۔ عقیل احمد لودھی نے کہا کہ واقعہ میں بیرونی ہاتھ کو خارج ازامکان قرار نہیں دیا جا سکتا اگر ملکی ادارے اور ایجنسیاں ان واقعات کی روک تھام نہیں کرسکتیں تو ان پر ملکی سرمایہ کا ضیاع کیوں ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے ہمیں اپنے گردونوا ح پر کڑی نظر رکھنا ہوگی جبکہ مشکوک افراد کی اطلاع دینے والے افراد کیساتھ اداروں کافوری تعاون اشد ضروری ہے۔ ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں ادریس فاروق بٹ، مہر غلام مصطفی، خواجہ وقار قمر وکی نے بھی واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مرنے والوں کے لواحقین کے صبر جمیل اور زخمیوں کی صحت کیلئے خصوصی دعا کی۔