اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر اعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول اتھارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں کم ازکم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد اعلامیہ بھی جا ری کیا جس کے مطابق نیوکلیئر پروگرام ملکی دفاع میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان مجوزہ فیسائل میٹریل معاہدے پرپوزیشن کا تعین قومی سلامتی مفادات کے تحت کریگا۔
پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی ملک کے طور پرکم از کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھے گا اور ایٹمی عدم پھیلاو کے عزم کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا، پاکستان کسی ملک کے ساتھ اسلحہ کی دوڑ میں شامل نہیں ہوگا جبکہ جنوبی ایشیا میں کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے دفاعی صلاحیت برقرار رکھے گا۔