ٹنڈو محمد خان (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی شہید بھٹو ٹنڈو محمد خان کے کارکنوں نے سندھ میں آبادگاروں کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں اور شوگر ملیں نہ چلانے کے خلاف میونسپل آفس کے سامنے ضلعی صدر پیر غلام حیدر بابو جان سرہندی کی قیادت میں علامتی بھوک ہڑتال اور نعرے بازی کی، اس موقع پر پیر غلام حیدر جان سرہندی، پپو سہیل ملاح، غفور کمبھار، علی بھٹی اور دیگر نے کہا کہ سندھ کی زراعت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے
ہاریوں اور مزدوروں کا جینا محال ہوگیا ہے، 95 فیصد شوگر ملیں زرداری گروپ نے خرید لی ہیں، ٹنڈو محمد خان کی دو شوگر ملیں بھی زرداری گروپ نے زبردستی خرید لی ہیں، لیکن تا حال ان ملوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو ڈیوٹیوں پر نہیں بلایا گیا، جس کے باعث ان مزدوروں کے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور ہیں، سندھ حکومت نے تاحال گنے کا نرخ مقرر نہیں کیا ہے۔