رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ ( جولائی تا فروری ) کے دوران زرعی قرضہ جات کے اجرا میں 13.65 فیصد اضافہ ہوا اور اس دوران 196.11 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کئے گئیہیں۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق ملک کے پانچ بڑے کمرشل بینکوں نے 104.22 ارب روپے کے قرضے جاری کئے ہیں ، جن میں الائیڈ بینک، حبیب بینک ، مسلم کمرشل بینک، نیشنل بینک اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ شامل ہیں،گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران کمرشل بینکوں کی جانب سے 94.59 ارب روپے کے قرضے جاری کئے گئے تھے۔
رواں سال قرضوں کے اجرا کی شرح میں 10.18 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ زرعی ترقیاتی بینک ، پنجاب پراونشل کو آپریٹو بینک کے علاوہ نجی شعبہ میں کام کرنے والے بینکوں کی جانب سے بھی کاشتکاروں کو زرعی قرضے فراہم کئے جارہے ہیں تاکہ زرعی ضروریات کو بآسانی پورا کیا جاسکے جس سے زرعی شعبہ کی ترقی اور پیداوارمیں خاطر خواہ اضافہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔