طنز و مزاح سے بھرپور اداکاری کے باب کو بند ہوئے دو سال بیت گئے، پاکستان شوبز انڈسٹری کی مایہ ناز شخصیت معین اختر کی آج دوسری برسی منائی جا رہی ہے۔کچھ افراد روئے زمیں پر ایسے بھی پیدا ہوتے ہیں جو اپنی کارکردگی سے مر کر بھی زندہ رہتے ہیں۔ پاکستان کے ممتاز اداکارمعین اختر کا نام بھی انہیں لوگوں میں شمار ہوتا ہے۔
معین اختر نے پہلی پرفارمنس سولہ برس کی عمر میں اسٹیج پر دی اور پھر سانسوں کی مالا ٹوٹنے تک لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے رہے۔ معین اختر نے کئی ٹی وی شوز کی میزبانی بھی کی۔ انہیں فی البدیہہ جملوں، الفاظ کے زیر و بم اور طنز و مزاح پر ملکہ حاصل تھا۔ پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستار امتیاز کے تاج اپنے سر سجانے والے معین اختر چوبیس دسمبر انیس سو پچاس کو پیدا ہوئے۔
فن کی دنیا میں مزاح سے لیکر پیروڈی تک معین اختر کی اداکاری کے جوہر دہائیوں تک مداحوں کو محظوظ کرتے رہے۔ معین اختر نے کئی یادگار کردار ادا کئے جن میں روزی کے کردار انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
طنزو مزاح سے لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے اور دلوں پر راج کرنیوالے اداکار معین بائیس اپریل دو ہزار گیارہ کو ہارٹ اٹیک کے باعث اپنے مداحوں کو سوگوار چھوڑ کر اس دنیا کے اسٹیج سے رخصت ہو گئے۔ تاہم ان کی یادیں مداحوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔