اسلام آباد: نیشنل مشائخ کونسل کے صدر خواجہ غلام قطب الدین فریدی، مرکزی جمعیت علمائے پاکستان کے سیکرٹری جنرل پیر سید محمد اقبال شاہ، تحفظِ ناموسِ رسالت محاذ کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد علی نقشبندی، انجمن طلبائے اسلام کے ترجمان محمد اکرم رضوی اور سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حسیب قادری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ صاحبزادہ حامد رضا اور ڈاکٹر طاہر القادری پر دہشت گردی کے مقدمے کا اندراج قابل مذمت ہے۔
دہشت گردی کا مقدمہ تو وزیراعظم اور وزیرداخلہ پر درج ہونا چاہیے جن کے حکم پر پرامن مظاہرین پر ظلم و تشدد کی نئی تاریخ رقم کی گئی۔ دہشت گردی کے خلاف جرأت مندانہ آواز اٹھانے والے قائدین پر دہشت گردی کا مقدمہ عائد کرنا شرمناک ہے۔
ظالم حکمران مظلوموں کو انصاف دینے کی بجائے الٹا ان پر جھوٹے مقدمات درج کر رہے ہیں لیکن حکمران یاد رکھیں کہ اہل حق جھوٹے مقدمات سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ حکمران بوکھلا کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ ظالم اور قاتل حکمرانوں کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے۔