اہلسنت والجماعت کا مولانا شمس الرحمان کی میت مسجد شہدا کے سامنے رکھ کر دھرنا

Ahle Sunnat Wal Jamaat Protest

Ahle Sunnat Wal Jamaat Protest

لاہور (جیوڈیسک) اہلسنت والجماعت کے کارکنان نے مولانا شمس الرحمان کی میت کو مسجد شہدا کے سامنے رکھ کر دھرنا دے دیا۔

قائدین کا کہنا ہے کہ جب تک مرکزی حکومت کا کوئی ذمہ دار نہیں آتا ہے جنازہ نہیں پڑھیں گے جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے مال روڈ اور گردو نواح کی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند کر دیں ہیں۔

اہلسنت والجماعت پنجاب کے صدر مولانا شمس الرحمان کی نمازہ جنازہ کیلئے میت کو ان کی رہائش گاہ بستی سیدن شریف سے مال روڈ لایا گیا جہاں مشتعل کارکنان کی بڑی تعداد نے میت پنجاب اسمبلی کے سامنے رکھ کر احتجاجی دھرنا دے دیا جبکہ کچھ دیر بعد ان کی میت کو مسجد شہدا کے سامنے رکھ دیا گیا۔

پولیس نے مال روڈ کو چیئرنگ کراس سے ٹاؤن ہال تک ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ ایلیٹ فورس اور دیگر نفری نے مال روڈ سے ملحقہ تمام راستے خاردار تاروں سے بند کر دئیے ہیں۔

جنازے کی ڈیوٹی کیلئے آٹھ ایس پیز ،اٹھارہ ڈی ایس پیز، سینتیس تھانوں کے ایس ایچ اوز اور اکسٹھ ریزرو فورس کو مامور کیا گیا ہے۔

مال روڈ، ہال روڈ، انار کلی اور دیگر مارکیٹیں اور بازار بھی بند کر دئیے گئے۔ اہلسنت والجماعت کے کارکنوں کی بڑی تعداد مال روڈ پر موجود ہے۔ شرکا حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہے ہیں اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔