احمد شہزاد انجری کا شکار، حاسدین کی نظر لگ گئی

Ahmed Shehzad

Ahmed Shehzad

ابو ظبی (جیوڈیسک) ان فارم اوپنر احمد شہزاد کو حاسدین کی نظر لگ گئی، وہ انجری کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے آؤٹ ہو گئے، کھوپڑی میں فریکچر کے باعث ڈاکٹرز نے انھیں 4 سے 6 ہفتے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، کیویز سے ٹوئنٹی 20 سیریز کیلیے واپس لوٹ آئیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ابوظبی میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز احمد شہزاد کے سر پر زوردار باؤنسر لگا جس سے وہ چکرا کر نیچے گر پڑے، بیٹ اسٹمپس پر لگنے سے وہ ہٹ وکٹ آؤٹ بھی ہوگئے تھے، انھیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں اسکین سے کھوپڑی میں معمولی فریکچر کا انکشاف ہوا تھا۔ اس تکلیف کے باعث اب وہ کیویز سے باقی دونوں ٹیسٹ میچز سے بھی باہر ہوگئے ہیں۔

ٹیم منیجر معین خان نے کہا کہ ڈاکٹرز نے احمد شہزاد کو کم سے کم تین ہفتوں تک کسی بھی قسم کی اسپورٹس سرگرمی میں حصہ نہ لینے کی ہدایت دی ہے، اس لیے اب وہ جاری ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہیں لے سکیں گے، انھیں مکمل آرام کیلیے گھر واپس بھیجا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ جس وقت احمد شہزاد کو اسپتال لے جایا گیا، تب ایک اسپیشلسٹ سرجن نے ہدایت کی تھی کہ انھیں 48 گھنٹے تک انتہائی نگہداشت کی ضرورت ہے تاہم وہ بعد میں ڈریسنگ روم میں پاکستان کو بولنگ کرتا دیکھتے نظر آئے تھے۔

دوسرا اور تیسرا ٹیسٹ دبئی اور شارجہ میں بالترتیب 17 اور 26 نومبر سے شروع ہوگا۔ معین خان نے کہا کہ احمد شہزاد کی کیویز ہی کے خلاف 4 اور 5 دسمبر کو دبئی میں شیڈول 2 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز میں واپسی متوقع ہے، اس کے بعد اسی حریف کے خلاف پانچ ون ڈے میچز بھی کھیلے جائیں گے۔