احمد آباد (جیوڈیسک) بھارت میں انتہاپسندی اور عدم برداشت کا نہ رکنے والا سلسلہ اب جاری ہے، تازہ واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں پیش آیا جہاں نامعلوم افراد نے بالی ووڈکنگ خان کی گاڑی پر پتھرائو کیا ہے۔
شاہ رخ خان ان دنوں اپنی فلم ’رئیس ‘ کی شوٹنگ کیلئے گجرات کے تجارتی شہر احمد آباد میں موجود ہیں۔ انتہا پسندوں نے کنگ خان کی گاڑی پر پتھر پھینکے اور ان کے خلاف نعرے بھی لگائے، بھارتی میڈیا نے اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ واقعے کے وقت شاہ رخ گاڑی میں تھے یا نہیں۔
رواں ماہ کے اوائل میں بھارتی انتہا پسند تنظیم وشوا ہندو پریشد نے بھوج میں فلم کی شوٹنگ کے دوران بھی احتجاج کیا تھا۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے گذشتہ سال دسمبر میں بھارت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت سے متعلق بیان دیا تھا جس پر انتہا پسندوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا تھا۔