اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال نے کہا ہے کہ ویژن 2025 کے تحت ملک کو اقتصادی و سماجی ترقی کی نئی راہوں پر ڈالا جائے گا، ملک کی مجموعی آبادی کا 70 تا 80 فیصد حصہ متوسط طبقے سے تعلق رکھتا ہے جبکہ 6 کروڑ سے زائد نوجوان طبقہ ملک کی ترقی میں جامع کردار ادا کر سکتا ہے۔
ملک کو ایشیا میں ترقی کا انجن بنایا جا سکتا ہے لیکن اس کیلیے لمبی مدت کی منصوبہ بندی کی ضرورت ہے، علاقائی ممالک سے روابط کے فروغ سے پاکستان خطے کی ترقی میں بنیادی اور جامع کردار ادا کرنے کی اہلیت رکھتا ہے۔
لیڈرز سمٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ مستقبل میں 7 تا 8 فیصد شرح ترقی کی ضرورت ہے جبکہ ہماری شرح نمو 5 تا 5.5 فیصد ہے جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں، آئندہ 30 سال 7 تا 8 فیصد شرح نمو کے حصول کیلیے نئے راستے تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ ویژن 2025 کی تکمیل آخری مراحل میں ہے، اس کا مقصد ایسے پلیٹ فارم کی تیاری ہے جس سے ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کیا جا سکے، 2047 تک ملک کو دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں شامل کرنا چاہتے ہیں۔