اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ احسن اقبال اپنی نااہلی چھپانے کے لیے اب سارا ملبہ عدالت پر ڈال رہے ہیں۔
فیض آباد مظاہرین کے خلاف آپریشن کے حوالے سے وزیر داخلہ احسن اقبال کے بیانات پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ احسن اقبال اپنی نااہلی چھپانے کے لیے بے سر و پا بیانات سے گریز کریں۔
خیال رہے کہ احسن اقبال نے جیو نیوز کے پروگرام جرگہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ فیض آباد آپریشن کے دوران مشتعل گروہ نے چوہدری نثار کے گھر پر حملے کی کوشش کی اور اس دوران جھڑپوں میں وہاں 6 ہلاکتیں ہوئیں۔
احسن اقبال کے اس بیان کی سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پرزور تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے گھر کے باہر کوئی ہلاکت تو درکنار کوئی شخص زخمی تک نہیں ہوا۔
چوہدری نثار نے کہا کہ احسن اقبال وہی شخص ہیں جنہوں نے کہا تھا کہ 3 گھنٹوں میں دھرنا کلئیر کرا دوں گا اب احسن اقبال آپریشن کا سارا بوجھ عدالت پر ڈال رہے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ ملک کا وزیر داخلہ اتنا بے خبر اور غیر ذمہ دار ہو، احسن اقبال کے عہدے کا تقاضا تھا کہ وہ آپریشن پر بہانے بنانے کی بجائے اپنی انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہوتے۔