احسن اقبال نے شہباز شریف سے متعلق بلاول کا بیان بچگانہ قرار دیدیا

 Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے متعلق بیان کو بچگانہ قرار دیدیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا کام ہوتا ہے کہ حکومتی بجٹ کے نقائص کی نشاندہی کرے، اپوزیشن کی نشاندہی پر ساڑھے 300 ارب کے ٹیکس واپس لیے گئے۔

حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ منہگائی میں سب سے اہم کردار پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے کا ہوتا ہے، یہ بازی گر قوم کو مزید دھوکا دیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے سب اداروں کے ساتھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو بھی تباہ کر دیا ہے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سربراہ کو اس لیے ہٹایا گیا کہ وہ حکومت کی کرپشن کو روک رہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے سب منصوبوں کو سفید ہاتھی بنا دیا ہے، تاریخ میں پہلی بار کسی حکومت کو بجٹ میں اتنے یوٹرن لینے پڑے ہیں، اس حکومت نے پی آئی اے، ریلوے سب کچھ تباہ کر دیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کی شہباز شریف پر تنقید کے حوالے سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا میں بلاول بھٹو کے بیان کو نہایت ہی بچگانہ سمجھتا ہوں، سب کو پتہ ہے کہ شہباز شریف کو اپنے کزن کی تدفین میں جانا پڑا جس کی وجہ سے وہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت نا کر سکے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا بلاول کا بیان ان کی عمر کے حساب سے تو ٹھیک ہے، لیکن بلاول بھٹو زرداری کا بیان ایک پارٹی کے سربراہ کے حساب سے ٹھیک نہیں ہے۔