عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلئے اس کے دروازے تک پہنچیں گے :چوہدری مجید

Chaudhry Majeed

Chaudhry Majeed

مظفرآباد (جیوڈیسک) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ متاثرین بارش کی بحالی اور ان کے نقصانات کے ازالے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائیں گے ،دور افتادہ علاقوں سمیت ہر جگہ غذائی اشیاء موجود ہیں اور لینڈ سلائیڈنگ سے بند تمام ضروری ر استے کھول دئیے گئے ہیں۔ بارش سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی تخمینہ لگانے کے لئے سروے شروع ہوچکا ہے حکومت عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کے لئے اس کے دروازے تک پہنچے گی۔

وہ بدھ کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے انہوں نے کہاکہ عوام نے قدرتی آفت کا بڑی بہادری اور دلیری کے ساتھ مقابلہ کیا حکومتی مشینری فوری حرکت میں آئی، عوام اور حکومت نے مل جل کر اس چیلنج کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے، جانی نقصان کی تلافی ممکن نہیں ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اس مشکل گھڑی کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے کے لئے حکومت نے قدرتی آفات میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے مالی امداد ڈیڑھ لاکھ سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کی اور ضلع حویلی کو آفت زدہ قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی فلاح وبہبود کے لئے تمام دستیاب فنڈز کو استعمال میں لائیں گے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ حکومت پارٹی منشور کے مطابق عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی۔