ایڈز کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے ، کے پی کے میں مریضوں کی تعداد 16 ہزار سے زائد

AIDS

AIDS

پشاور (جیوڈیسک) دنیا بھر کی طرح پشاور میں بھی آج ایڈز کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ، خیبر پختونخوا میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کرگئی ، پولیو کے بعد ایڈز کے مریضوں میں بھی پشاور 228 کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔

ایچ آئی وی ایڈز پروگرام محکمہ صحت کے تحت پشاور پریس کلب میں ایڈز کے حوالے سے آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر پرویز کمال کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد 16 ہزار سے زیادہ ہے لیکن ایڈز پروگرام کے پاس اب تک صرف 1747 افراد رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔

سیمینار کے شرکاء کو بتایا گیا کہ ایڈز کے سب سے زیادہ 228 مریضوں کا تعلق پشاور جبکہ 110 افراد بنوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ سیمینار میں ایڈز سے متاثرہ خاتون اور ایسوسی ایشن آف پیپل لونگ ود ایڈز پاکستان کی صدر نے بھی شرکت کی۔

نام نہ بتانے کی درخواست کے ساتھ خاتون کا کہنا تھا کہ ایڈز میں مبتلا افراد سے نفرت کی بجائے اس مرض سے نفرت کی جائے۔ تقریب میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر علی حیدر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر مصطفی جدون اور یونیسف کے نمائندے ڈاکٹر عبدالجمیل بھی شریک ہوئے۔