پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے طائف میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی فضائی افواج کے درمیان جاری عالمی فضائی مشق پیس فالکن 2013 کا معائنہ کیا، ان کی آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
جس کے بعد ایئر چیف کو مشق پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،ایئر ہیڈکوارٹر کے ترجمان کے مطابق رائل سعودی فضائیہ کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل محمد فیاد بن حامد الروالی اور ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل مہمت اِرٹن نے بھی مشقیں دیکھیں۔
رائل سعودی فضائیہ ، ترک فضائیہ اور پاک فضائیہ کے مابین ہونے والی سہ ملکی عالمی فضائی مشق پیس فالکن 2013ئکا انعقاد کنگ فہد ایئر بیس سعودی عرب پر 06مئی سے 22مئی تک کیا گیا،جس کا مقصد ایک دوسرے کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں سے مستفید ہونا تھا،پاک فضائیہ کے وفد نے میراج روز II، ایف16اور عملے کے 80 ارکان کے ساتھ مشق میں شرکت کی،پاکستان ، سعودی عرب اور ترکی فوجی تعاون میں ایک لمبی تاریخ رکھتے ہیں۔
ان برادر ممالک کی فضائی افواج کئی عشروں سے باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے مشقوں کا انعقاد کر رہی ہیں، اس مشق میں تینوں فضائی افواج کے عملے نے جنگی مشن کے مشترکہ منصوبے بنائے اور ان پہ عمل کیا، یہ مشق نہ صرف ان کی پیشہ وارانہ صلاحیت کو جلا بخشے گی بلکہ ان ممالک کے برادرانہ تعلقات میں بھی بہتری پیدا کرے گی ۔
قبل ازیں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ جو کہ سعودی عرب کے سرکاری دورہ پر ہیں ، نے رائل سعودی فضائیہ کے سربراہ لیفٹنٹ جنرل محمد فیاد بن حامد الروالی سے رائل سعودی ایئر فورس کے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔