اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھوجا ایئر طیارہ حادثہ کیس کی سماعت جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کی، ایوی ایشن ڈویژن کی جانب سے حادثے سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی۔
وزیر اعظم کی منظوری کے بعد مرتب کی گئی رپورٹ پانچ سو صفحات پر مشتمل ہے۔ حادثے کی تحقیقات سول ایوی ایشن کے سیفٹی انوسٹی گیشن بورڈ نے کی۔
رپورٹ کے مطابق حادثے کی وجہ خراب موسم اور پائلٹ کا غلط فیصلہ تھا۔ پائلٹ کی حادثے کا شکار جہاز اڑانے کی تربیت بھی نہیں تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی ذمہ داری بعض سول ایوی ایشن حکام پر بھی عائد ہوتی ہے۔
جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ عدالت نے رپورٹ پر فریقین سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت تیئس اپریل تک ملتوی کر دی۔