اسلام آباد (جیوڈیسک) پاک فضائیہ کی جنگی مشقیں ’ٹیمپسٹ 2‘ ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئیں۔
پاک فضائیہ کی جنگی مشقوں کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود تھے۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، پاک فضائیہ کے سربراہ ایڈمرل ذکا اللہ اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے اپنے خطاب میں کہا کہ تینوں مسلح افواج مشترکہ تعاون کے تحت آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں جہاں تینوں مسلح افواج کی حربی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں نکھار آیا ہے وہیں مربوط تعاون کے تحت مشترکہ آپریشنز اور اقدامات کی صلاحیت بھی مزید بہتر ہوئی ہے۔ آج تینوں مسلح افواج کے مابین تعاون بہت بہتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تینوں مسلح افواج مشترکہ طور پر ہر طرح کے اندرونی اور بیرونی خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود نے کہا کہ جنگی مشقوں سے جدید خطوط پر نئے حربی نظریات، حکمت عملی اور آپریشنل تیاریوں کو جانچنے اور اس میں بہتری لانے کا موقع ملتا ہے۔ پاک فضائیہ کی جنگی مشقوں کے دوران پاک فضائیہ کی جنگ کی صورت میں ایئر پاور کے استعمال اور صلاحیت کو جانچا گیا۔