اگر آپ کسی ٹریفک سے بھرے شہر میں رہتے ہیں تو وٹامن بی کی اضافی گولیاں اپنے پاس رکھیں کیونکہ وٹامن بی فضائی آلودگی سے جسم پر ہونے والے نقصانات کا ازالہ کر سکتا ہے۔
سائنسدانوں کے مطابق وٹامن بی کی تھوڑی مقدار کا باقاعدہ استعمال فضائی آلودگی سے ہونے والے جسمانی اثرات کو زائل کر سکتا ہے۔
کچھ عرصہ پہلے شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا کے اکثر شہروں کی فضا آلودگی سے بوجھل ہوچکی ہے اور دنیا کے 92 فیصد شہروں کی ہوا میں آلودگی مقرر کردہ عالمی معیارات سے تجاوز کر چکی ہے۔
ان آلودگیوں میں سلفیٹ اور سیاہ کاربن سب سے زیادہ خطرناک تصور کئے جاتے ہیں جو پھیپھڑوں سے لے کر دل کی بیماریوں تک کی وجہ بن سکتے ہیں، اس کے علاوہ فضا میں شامل زہریلے مرکبات زندگی کو بھی کم کرتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق فضا میں موجود آلودگی کے وہ باریک ذرات جو 2.5 مائیکرو میٹر سے چھوٹے ہوتے ہیں وہ انسانوں کے لیے سب سے زیادہ خطرناک ہوتے ہیں جنہیں پی ایم 2.5 بھی کہا جاتا ہے۔
یہ گاڑیوں کا ایندھن اور لکڑی جلنے سے پیدا ہوتے ہیں اور اتنے چھوٹے ہوتے ہیں کہ پھیپھڑے کی گہرائی تک اتر کر کے اعضا کو متاثر کرتے ہیں۔ خوفناک بات یہ ہے کہ یہ ذرات انسانی جین اور ڈی این اے تک کو نقصان پہنچاتے ہیں۔