فضائی سفر کرنے والوں کیلئے خوش خبری، کرایوں میں 20 ہزار روپے تک کمی

Air Travel

Air Travel

اسلام آباد (جیوڈیسک) فضائی سفر کرنے والوں کیلئے خوش خبری، اندرون ملک فضائی سفر کے کرایوں میں 20 ہزار روپے تک کمی ہو گئی۔

کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کا دوطرفہ کرایہ 35 سے 40 ہزار روپے کا ہوگیا، کرائے میں کمی کی وجہ ڈومیسٹک آپریشن میں نجی ائیرلائن کے دو نئے طیاروں کی شمولیت بتائی گئی ہے۔

ٹریول ایجنٹس یحییٰ پولانی کے مطابق کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کا دوطرفہ ٹکٹ جو کافی عرصہ سے 50 سے 60 ہزار روپے کا مل رہا تھا اب کم ہو کر 35 سے 40 ہزار روپے کا ہوگیا ہے جبکہ ان میں مزید کمی کا امکان بھی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی نجی ائیرلائن شاہین ائیر کے بند ہونے اور نجی ائیرلائن ائیربلیو کی جانب سے ڈومیسٹک آپریشن کم کردینے کی وجہ سے اندرون ملک پروازوں کی تعداد بہت کم رہ گئی تھی جب کہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کے اصول کے تحت اندرون ملک فضائی کرایوں میں اس قدر اضافہ ہوگیا تھا کہ کراچی سے اسلام آباد اور لاہور کے کرائے یورپ کے شہروں سے بڑھ گئے تھے۔

ائیربلیو کے ترجمان کے مطابق دو نئے ائیربس اے 320 طیارے ائیربلیو کے فضائی بیڑے میں شامل کئے گئے ہیں جو اندرون ملک پروازوں پر استعمال ہوں گے، ائیربلیو کے پاس موجود طیاروں کی تعداد اب 10 ہو گئی ہے۔