ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو آرمرڈ وہیکلز سے لیس کرنیکا فیصلہ

Airport

Airport

راولپنڈی (جیوڈیسک) کراچی اور پشاور ایئر پورٹ پر دہشتگردی کے واقعات کے بعد بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت 7 بڑے ایئرپورٹس کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلیے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو ہیوی انڈسٹریز ٹیکسیلا میں تیار کردہ انٹرنل سیکیورٹی وہیکل (محافظ آرمرڈوہیکل) سے لیس کر نیکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف کو ایک وہیکل فراہم کردی گئی ہے، وہیکل اور اس کے نظام واسلحے کوآپریٹ کرنے کیلیے اے ایس ایف کے ماسٹر ٹرینرز کوٹرینگ بھی دی جائیگی جسکے بعد ماسٹر ٹرینرز دیگر عملے کو تربیت دینگے۔

ایئرپورٹ کے انٹری گیٹ پر لوہے کا بم اور بلٹ پروف بنکرنصب کر دیا گیا ہے جبکہ مسافروں کیلیے ایک اٹنڈنٹ کے حوالے سے پابندی پربھی عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے جسکے باعث ایئرپورٹ کی بیرونی اطراف کے انٹری اور آئوٹ گیٹ کے سامنے ایئرپورٹ روڈ پر مسافروں کو چھوڑنے اور لیجانے کیلیے آنیوالوں کا شدیدرش لگارہا۔

معلوم ہواہے کہ بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کیلیے اے ایس ایف نے تین آرمرڈ پرسن کیریرزکی ڈیمانڈ کی تھی جبکہ کراچی، لاہور، ملتان، پشاور،فیصل آبادوغیرہ کے سات ایئرپورٹس کیلیے20 گاڑیاںمانگی گئی تھیں جوہیوی انڈسٹری ٹیکسلاسے حاصل کرنیکا فیصلہ کیاگیا۔

ایکسپریس کوایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے ذمے دارافسر نے بتایاکہ بینظیرایئرپورٹ کیلیے تین آرمڈ پرسن کیریر گاڑیوں کی ڈیمانڈکی گئی تھی جن میںہیوی انڈسٹریز ٹیکسلامیں تیارکی جانیوالی ایک گاڑی فراہم کردی گئی ہے۔

تاہم گاڑیوںکو آپریٹ کرنے کیلیے سٹاف تربیتی کورس کے لیے بھجوایاجارہا ہے جو 2ہفتے پر مشتمل ہوگا۔ انھوں نے بتایاکہ بینظیر ایئرپورٹ سے 15 اہلکاروں کو ٹرینگ کے لیے نامزدکیاگیا ہے۔