اسلام آباد (جیوڈیسک) عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او)کی سفارشات کے بعد وزارت صحت نے ہوائی اڈوں پر پولیو ویکسینیشن پوائنٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے پیر کے روز ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو کیسز کی وجہ سے پاکستان پر سفری پابندیوں کی تجویز پیش کی تھی۔
عوامی صحت سے وابستہ اقوامِ متحدہ کی اہم ترین ایجنسی نے اس مرض کے خلاف نئی ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈبلیو ایچ او نے تجویز دی ہے کہ بیرونِ ملک جانے والے پاکستانیوں سے پولیو ویکسینیشن سرٹفکیٹ طلب کیا جائے۔ پاکستان ان تین ممالک میں شامل ہے جہاں اب بھی یہ مرض موجود ہے۔ اس کے علاوہ نائیجیریا اور افغانستان میں بھی یہ پولیو پایا جاتا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان ساجد علی شاہ نے کہا کہ اس حوالے سے خصوصی اقدامات اٹھائے جائیں گے جن میں تمام ہوائی اڈوں، سرحدی چوکیوں اور بندر گاہوں پر حفاظتی قطروں کے خصوصی پوائنٹس قائم کرنا شامل ہیں۔