سٹاک ہوم (جیوڈیسک) پاکستان کے اعصام الحق اور ہالینڈ کے اورجین جولین روجر سٹاک ہوم اوپن کا ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ قومی ٹینس سٹار نے آئندہ سال سابق ساتھی کھلاڑی بھارت کے روہن بھوپنا کے ساتھ جوڑی بنائیں گے۔
سویڈن کے شہر سٹاک ہوم میں ہونیوالے اے ٹی پی کے ڈبلز فائنل میں اعصام الحق اور جولین روجر نے میزبان ملک کے کھلاڑیوں کو ایک گھنٹے تین منٹ کے مقابلے کے بعد شکست دی۔ پاک ڈچ جوڑی کی فتح کا سکور چھ دو اور چھ دو رہا۔
اعصام الحق نے اس سے پہلے 2011 میں روہن بھوپنا کے ساتھ سٹاک ہوم کا ڈبلز ٹائٹل جیتا تھا۔ قومی ٹینس سٹار نے بھارت کے روہن بھوپنا کے ساتھ ایک بار پھر ڈبلز مقابلوں کے لیے اکٹھے ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعصام الحق اور روہن بھوپنا آخری مرتبہ دو ہزار گیارہ میں لندن ٹور فائنلز میں اکٹھے کھیلے تھے جس کے بعد روہن بھوپنا نے لندن اولمپکس میں مہیش بھوپاتی کے ہمراہ شرکت کے پیش نظر نیا پئیر بنا لیا تھا۔ اعصام اور بھوپنا کی جوڑی یو ایس اوپن دو ہزار دس کے فائنل تک رسائی کے علاوہ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنل دو ہزار گیارہ میں بھی کوالیفائی کر چکی ہے۔