اسلام آباد (جیوڈیسک) چیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ عائشہ گلالئی کے الزامات سنجیدہ ہیں اس لئے خواتین کو ہراساں کئے جانے سے متعلق قانون موجود ہے اور اسی کے تحت معاملے کو حل ہونا چاہیے۔
چترال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر عائشہ گلالئی کے الزامات کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے، پیپلز پارٹی نے خواتین کے حقوق کی جدوجہد کی اور کبھی بھی الزامات کی سیاست نہیں کرتی، آئندہ بھی الزامات کی سیاست نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خواتین کو ہراساں کئے جانے سے متعلق قانون موجود ہے تاہم عائشہ گلالئی کی جانب سے عمران خان پر لگائے جانے والے الزامات سنجیدہ ہیں اور اس معاملے کو قانون کے مطابق ہی حل کیا جانا چاہیے۔
چیرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سیاست میں الزامات برا رجحان ہے اور یہ کسی کے لئے بھی سود مند نہیں، خاص طور پر نوجوانوں کے لئے بری مثال قائم ہورہی ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف الوداعی ملاقاتیں کر رہے ہیں، احتساب کا عمل سب کے لئے ہونا چاہیے، پارلیمنٹ کے تحت ایسے قوانین ہونے چاہییں کہ کوئی احتساب سے بالاتر نہ ہو۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں پتا چلے گا کہ عوام (ن) لیگ کو مسترد کرتے ہیں تاہم اس سے پہلے شہباز شریف کو معلوم ہے کہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں ہزیمت ہوگی اس لیے وہ بھاگ گئے۔
چیرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اب تک منصوبہ ہے کہ آئندہ الیکشن تنہا لڑیں گے اور کسی جماعت کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے، میں انتخابی اتحاد نہیں چاہتا اور آزادانہ الیکشن لڑنا چاہتا ہوں۔