ممبئی (جیوڈیسک) ڈائریکٹر اور ایکٹر کی اس جوڑی کو بالی ووڈ کی بہترین جوڑی مانا جاتا رہا ہے۔ جنہوں نے ایک ساتھ ہم دل دے چکے صنم اور دیوداس جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔ ان کی آخری فلم گزارش 2010 میں ریلیز ہوئی تھی اور اب طویل عرصے بعد ایشوریا رائے بچن سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی میں کام کرتی نظر آئیں گی۔
ایک رپورٹ کے مطابق ایشوریا فلم پدماوتی کے ایک خاص گانے پر رقص کریں گی اور سنجے لیلا بھنسالی نے ان کے لیے نہایت منفرد گانا سوچ رکھا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سنجے لیلا اپنی کئی فلموں میں ایسے گانے شامل کر چکے ہیں جن میں دو اداکاراوں نے ایک ساتھ رقص کیا ہو تاہم ایشوریا رائے کا یہ گانا ان سب سے کافی منفرد ہو گا۔
واضح رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی آخری ریلیز فلم باجی راؤ مستانی کے لیے پہلی پسند ایشوریا ہی تھیں تاہم انہوں نے اس میں کام سے معذرت کر لی تھی۔ فلم باجی راؤ مستانی سال کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی جس نے مختلف زمروں میں 7 نیشنل ایوارڈز حاصل کیے۔
اگر بات فلم پدماوتی کے حوالے سے کی جائے تو اس فلم میں دپیکا پڈوکون پدماوتی کا مرکزی کردار ادا کرتی نظر آئیں گی جبکہ رنویر سنگھ اور شاہد کپور بھی اس فلم میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔