ایچی سن کالج میں کوٹہ سسٹم ختم ہونے کے بعد رئیس زادے داخلے سے محروم

Aitchison College

Aitchison College

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے تاریخی ایچی سن کالج میں کوٹہ سسٹم ختم ہونے کے بعد وزیراعظم نواز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، چوہدری شجاعت، سابق گورنر سلمان تاثیر سمیت 25 اعلی ترین شخصیات کے انتہائی قریبی رشتہ دار میرٹ ٹیسٹ میں فیل ہونے کے باعث داخلے سے محروم ہو گئے۔

لاہور میں واقع ملک کے تاریخی ایچی سن کالج میں گزشتہ 55 سال سے کوٹہ سسٹم چلا آرہا تھا جس کے تحت اعلی ترین شخصیات کے بچوں کو میرٹ ٹیسٹ پاس نہ کرنے کے باوجود کوٹے پر داخلہ دے دیا جاتا تھا اور بعض اوقات تو سیٹیں موجود ہونے کے باوجود تحریری ٹیسٹ لئے بغیر ہی ان شخصیات کے بچوں کو داخلہ دے دیا جاتا تھا لیکن گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی ہدایت پر ایچی سن کالج کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے کوٹہ سسٹم ختم کر دیا۔

ایچی سن کالج میں پہلی باراو لیول میں داخلے کے لئے نئی پالیسی کے تحت تحریری ٹیسٹ لئے گئے جس میں وزیراعظم نواز شریف کے بھائی عباس شریف کے بیٹے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد عمران چوہدری کے بیٹے، سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کے پوتے اور نواسے، سابق گورنرز خواجہ طارق رحیم اور سلمان تاثیر کے پوتے اور نواسے، سابق آئی جی پنجاب حبیب الرحمٰن، اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال کے پوتے اور موجودہ چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کے پوتے سمیت 25 اعلی شخصیات کے انتہائی قریبی رشتہ دار میرٹ ٹیسٹ پاس کرنے میں ناکام رہے جس پر کالج انتظامیہ نے ان اعلی شخصیات کے بچوں کو داخلہ دینے سے معذرت کر لی۔

واضح رہے کہ ایچی سن کالج میں حکومتی اعلی شخصیات اور بیورو کریٹس کی سفارش اور دباؤ پر ان کے قریبی رشتہ داروں کو داخلے مل جایا کرتے تھے جس سے متوسط طبقے کے بچے میرٹ کا امتحان پاس کرنے کے باوجود بھی داخلے سے محروم ہو جاتا کرتے تھے لیکن پالیسی میں تبدیلی کے بعد اب صرف میرٹ کا امتحان پاس کرنے والوں کو ہی کالج میں داخلہ مل سکے گا۔