ایچی سن میں کوٹہ ختم، اہم شخصیات کے بچے میرٹ کی چھری تلےآگئے

Aitchison College

Aitchison College

لاہور (جیوڈیسک) لاہور کی معروف تعلیمی درسگاہ ایچی سن کالج میں کوٹہ سسٹم ختم ہونے سے کئی سیاسی شخصیات کے بچے میرٹ کی چھری تلے آگئے، وزیراعظم نواز شریف اور دو سابق گورنرز کے رشتے داروں کو بھی داخلہ نہ مل سکا۔

کوٹہ سسٹَم کا خاتمہ سياسی خاندانوں کو بھاری پڑ گیا، پچیس سے زائد اہم شخصیات کے عزیز واقارب ایچی سن کالج میں داخلے سے محروم رہے گئے۔

گورنر پنجاب نے لاہور کے تاریخی تعلیمی ادارے ايچی سن کالج ميں کن شپ کا کوٹہ کیا ختم کیا، سیاسی شخصیات کے پوتوں اور نواسوں پر میرٹ کی چھری چل گئی اور انتظامیہ نے داخلہ دینے سے انکار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ایچی سن کالج کی ایک سو بیس نشستوں کے لئے چار سو چار امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے صرف چوہتر طالب علم کامیاب ٹھہرے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کے بھائی عباس شریف کا نواسہ بھی داخلہ ٹیسٹ میں ناکام رہا۔ پنجاب کے دو سابق گورنر سلمان تاثیر اور خواجہ طارق رحیم کے پوتے بھی میرٹ کی زد میں آئے۔

کوٹہ سسٹم ختم ہونے سے داخلے سے محروم رہنے والوں میں بیوروکریٹس اور ججوں کے عزیز بھی شامل ہیں، ایچی سن کالج میں سیاست دانوں سمیت اہم شخصیات کے بچوں کا داخلہ ایک قدیم روایت تھی لیکن موجودہ گورنر پنجاب نے اہم فیصلہ کرکے میرٹ کی راہ ہموار کردی ہے۔