لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے سینیٹر اعتزاز احسن کی پارلیمنٹ میں تقریر کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کی پالیسیوں کی بہترین عکاسی کرتی ہے جسمیں پارٹی کے حزب اختلاف کا کردار بھر پور طریقے سے عیاں ہوتا ہے اور ساتھ ہی پارٹی کا جمہوریت اور آئین کی بالادستی پر ایمان کی حد تک یقین کا اظہار ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے بلند بانگ دعووں سے لوگوں کی مایوسی میں بے پناہ اضافہ ہوا جسمیں انہوں نے وعدہ کیا تھا کہ سالوں میں نہیں بلکہ مہینوں میں لوڈشیڈنگ ختم کر دینگے لیکن ایسا نہیں ہوا جس سے لوگوں میں بددلی پھیل گئی۔ انہوں نے یاددلایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب لوگوں کو پیپلز پارٹی کی حکومت کے خلاف لوڈشیڈنگ کے مسئلے پر اُکساتے بھی تھے لیکن اب وہی احتجاج انکے خلاف ہو رہا ہے جو مکافاتِ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں کو اقتدار میں آنے کے لیے انتخابی مہم میں سبز باغ دکھانے سے گریز کرنا چاہیے۔