ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار اجے دیوگن کی فلم ’ریڈ‘ میں استاد نصرت فتح علی خان کا شہرہ آفاق گیت ’سانو اک پل چین نہ آئے‘ بھی شامل کر دیا گیا جسے راحت فتح علی خان نے گایا ہے۔
استاد نصرت فتح علی خان کو مداحوں سے بچھڑ ے 21سال بیت گئے ہیں لیکن ان کی آواز اور گائے ہوئے گیت آج بھی سر بکھیر رہے ہیں۔
بالی وڈ کی کئی فلموں میں استاد نصرت فتح علی خان کے گیتوں کو دوبارہ سے ری مکس کرکے شامل کیا جارہا ہے۔
بھارتی فلم نگری کے مشہور اداکار اجے دیوگن نے مسلسل دوسری فلم میں استاد نصرف فتح علی خان کا گایا ہوا مشہور گیت شامل کیا ہے۔ ان کی نئی آنے والی فلم ’ریڈ‘ میں ’سانو اک پل چین نہ آئے‘ کو راحت فتح علی خان کی آواز میں شامل کیا گیا ہے۔
استاد نصرت فتح علی خان نے یہ گیت 1993 میں ایک کنسرٹ کے دوران گایا تھا۔ اس سے قبل پچھلی فلم ’بادشاہو‘ میں بھی شہرہ آفاق گیت ’میرے رشک قمر‘ کو بھی استاد نصرت فتح علی خان اور راحت فتح علی خان کی آواز میں شامل کیا گیا تھا۔
دونوں گیت اجے دیوگن اور الینا ڈی کروز پر فلمائے گئے ہیں اور فلم ’بادشاہو‘ کے گیت کو یوٹیوب پر 12 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا ہے۔ فلم ’ریڈ‘ 16 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔