اکبر بگٹی کی برسی پر آج بلوچستان کے مختلف حصوں میں ہڑتال

Quetta

Quetta

کوئٹہ (جیوڈیسک) نواب اکبر بگٹی کی برسی پر آج بلوچستان کے مختلف حصوں میں ہڑتال کی گئی۔ نواب اکبر خان بگٹی کی برسی پرہڑتال کی حمایت بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل، مسلم لیگ ن، جماعت اسلامی، پیپلزپارٹی، تحریک انصاف، جمعیت علما ئے اسلام نظریاتی کے علاوہ ٹرانسپورٹروں اور تاجر برادری نے بھی کی تھی۔ کوئٹہ میں مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز اور دکانیں بند رہیں اور ٹریفک بھی معمول سے کم رہا۔

دوسری جانب پنجگور، تربت، خضدار، خاران، آواران، مستونگ، قلات، سبی، جعفرآباد، نصیرآباد، بولان، دالبندین، نوشکی، ڈیرہ بگٹی سمیت مختلف علاقوں میں کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے اور بنک بھی بند رہے جبکہ مختلف علاقوں میں پہیہ بھی جام رہا۔ اِس موقع پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ نواب اکبر بگٹی کی برسی کے حوالے سے بگٹی ہاوس کوئٹہ میں قرآن خوانی اور لنگر کا اہتمام کیا گیا تھا۔