بنوں (جیوڈیسک) متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ ہوئی تاہم وہ قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے۔
رہنما ایم ایم اے اکرام خان درانی پر چند روز کے دوران یہ دوسرا حملہ ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ اکرم درانی الیکشن مہم کے لیے بنوں کے علاقے بسیہ خیل جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم افراد اکرم خان درانی کی گاڑی پر فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے تاہم قاتلانہ حملے میں وہ محفوظ رہے۔
یاد رہے کہ 13 جولائی کو اکرم درانی جلسے میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے کہ بنوں کے مضافاتی علاقے حوید میں ان کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔
اکرم خان درانی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 بنوں سے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)کے ٹکٹ پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑ رہے ہیں۔