ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکار اکشے کمار بھارت میں ٹریفک کے بگڑے ہوئے نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے خود سڑکوں پر آگئے ہیں۔
اکشے کمار کا شمار بالی وڈ کے صف اول کے اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے فلم نگری کو کئی سپر ہٹ فلمیں دی ہیں۔
خطروں کے کھلاڑی کے نام سے مشہور اداکار ملکی سماجی مسائل پر بیان دیتے رہتے ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی کھل کر اظہار کرتے ہیں،اب ایک بار پھر انہوں نے بھارت کے اہم مسئلے پر آگاہی کے لیے منفرد مہم شروع کردی ہے۔
اکشے کمار بھارت میں ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے میدان میں آگئے ہیں اور وہ اب عوام میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کا شعور جگائیں گے۔
اکشے کمار نے سوشل میڈیا پر ٹریفک قوانین کے حوالے سے چند ویڈیوز پوسٹ کی ہیں جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ٹریفک پولیس اہلکار بنے عوام میں شعور اجاگر کررہے ہیں۔
یاد رہے کہ خطروں کے کھلاڑی اپنے فلمی کیریئر میں سماجی مسائل پر کئی فلمیں بنا چکے ہیں جس میں ’پیڈمین‘، ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ اور ’گبر از بیک‘ شامل ہیں۔
اکشے کمار، عامر خان اور سونم کپور سمیت کئی اداکار سماجی مسائل کی نشاندہی اور آگاہی مہمات میں شریک رہتے ہیں۔