الحدیدہ (اصل میڈیا ڈیسک) یمن میں مغربی ساحل پر موجود مشترکہ افواج کے ایک اعلان کے مطابق الحدیدہ شہر کے مشرق میں واقع مضافاتی علاقوں میں حوثی کے زیر انتظام ڈرون طیاروں کا ایک گودام اور عسکری بیرکیں تباہ کر دی گئیں۔ اس دوران وہاں موجود ایک اہم کمانڈر بھی اپنے ساتھیوں سمیت مارا گیا۔
جمعے کے روز مشترکہ افواج کے عسکری میڈیا کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا کہ یہ کارروائی مذکورہ علاقے کی جانب سے فائر بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ المنصری کے علاقے میں تعینات حوثی ملیشیا نے توپ خانوں، ڈرون طیاروں اور بھاری آتشی ہتھیاروں کے ذریعے مشترکہ افواج کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ تاہم کسی عسکری ٹھکانے کے بجائے مقامی آبادی کے کھیت اس بم باری کی لپیٹ میں آئے۔ بعد ازاں جلد ہی اس حملے کی کوشش کے ساتھ کامیابی سے نمٹ لیا گیا۔
بیان کے مطابق مشترکہ افواج کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں نشانہ بنائے گئے حوثیوں کے ٹھکانوں اور بیرکوں میں زوردار دھماکے سنائی دیے گئے اور ان سے دھوئیں کے بادل اٹھنے لگے۔ دھماکوں کا سلسلہ تقریبا ایک گھنٹے تک جاری رہا کیوں کہ حملوں میں جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہاں بھاری تعداد اور مقدار میں ہتھیار ، گولہ بارود اور بارودی سرنگیں موجود تھیں۔