اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن کے سنٹرل بورڈ آف مینجمنٹ کا ایک روزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور، سینئر نائب صدر احسان اللہ وقاص، سیکرٹری جنرل ڈاکٹرمشتاق مانگٹ،اسسٹنٹ سیکرٹری جنرلز میاں بابر حمید، اعجاز اللہ خان، احمد جمیل راشد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال اور ساتوں پروگراموں کے نیشنل ڈائریکٹرز سمیت پروگرام منیجرزاور الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ کی ذمہ داران نے شرکت کی۔
اجلاس میں آفات سے بچاؤ، صحت، تعلیم، صاف پانی، کفالتِ یتامیٰ، مواخات اور سماجی خدمات پروگرام سمیت ریسورس موبلائزیشن ، میڈیا اینڈ مارکیٹنگ ، ہیومن ریسورس اینڈ ریسرچ ، فنانس اینڈ اکاؤنٹ اور والنٹئیرز مینجمنٹ پروگرام کی سال 2016کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا اور 2017 کی منصوبہ بندی پیش کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ الخدمت معاشرے میں مثبت تبدیلیاں لانے کے لئے کوشاں ہے اور ملک میں یہ تبدیلیاں تب ہی آسکتی ہیں جب ہمارے جذبے سچے ہوں اور ہم رضائے الہیٰ کی خاطر دوسروں کو اپنی ذات سے فائدہ پہنچانے کے لئے پرعزم ہوں۔
انھوں نے گذشتہ سال کی جائزہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا اور 2017 میں تمام منصوبوں کو مزید منظم انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات دیں۔