اسلام آباد: قربانی پراجیکٹ کی تیاریوں کے حوالے سے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر میں الخدمت سماجی خدمات کا اجلاس منعقد ہوا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ اور الخدمت سماجی خدمات کے نیشنل ڈائریکٹر عامر محمود چیمہ سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔
عامر محمود چیمہ نے قربانی پراجیکٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن عید الاضحی پر مصیبت زدہ اور دور دراز پسماندہ علاقوں سمیت شہری علاقوں میں بھی بیواؤں ، یتامیٰ اور مساکین تک قربانی فی سبیل اللہ کا گوشت پہنچانے کا اہتمام کرے گی اور خاص طور پر قربانی کے گوشت کو موسمی اثرات سے بچانے اور حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق مستحقین تک پہنچانے کے لئے الخدمت فاؤنڈیشن نے لاہور، کراچی سمیت دیگر بڑے شہروں میں قربانی کا اہتمام جدید سلاٹر ہاؤسز میں کر رہی ہے جہاں قربانی، گوشت کی کٹائی اور پیکنگ کا کام ھائی جینک ماحول میں تجربہ کار عملے کی زیر نگرانی جدید مشینوں پر سر انجام دیا جائے گا جس کے بعدقربانی کا گوشت چلر ٹرکوں کے ذریعے آفات سے متاثرہ اور دور دراز علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے کہا کہ قربانی پراجیکٹ الخدمت فاؤنڈیشن کی سماجی خدمات کا ایک اہم حصہ ہے۔
گزشتہ کئی دہائیوں کے تجربے سے جو تلخ حقائق سامنے آئے کہ ہمارے ہی ملک میں بہت بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جنہیں سال میں صرف عید الاضحی کے مو قع پر ہی گوشت کھانا نصیب ہوتا ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں پھیلے رضاکاروں کے منظم نیٹ ورک کی بدولت دور دراز علاقوں میں قربانی کا گوشت پہنچانے کا بندوبست کرتی ہے۔
گزشتہ سال بھی الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب اور زلزلے سے متاثرہ اور فاٹا کے بے گھر افراد ،گلگت بلتستان ، آزادکشمیر، خیبر پختونخوا،پنجاب، سندھ، بلوچستان سمیت ملک بھر میں قربانی کا گوشت تقسیم کیاجبکہ مجموعی طور پر2,032 بڑے اور822 چھوٹے جانوروں کی قربانی کی گئی۔ الخدمت قربانی پراجیکٹ میں قربانی کے ان جانوروں پر13کروڑ 50 لاکھ روپے خرچ ہوئے جس سے مجموعی طور پر ملک بھر میں85 ہزار سے زائد خاندان مستفید ہوئے۔