بدین (عمران عباس) الخدمت فاﺅنڈیشن ضلع بدین کی جانب سے آرفن کئیر پروجیکٹ کے تحت یتیم بچوں کے عالمی دن کے سلسلے میں بدین کے مقامی ھال میں یتیم بچوں کے ساتھ ایک شام منائی گئی الخدمت فاﺅنڈیشن ضلع بدین کی جانب سے آرفن کئیر پروجیکٹ کے تحت یتیم بچوں کے عالمی دن کے سلسلے میں بدین کے مقامی ھال میں یتیم بچوں کے ساتھ ایک شام منائی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر غلام رسول احمدانی نے کہا کہ موجودہ دور میں غریب اور یتیم بچوں کی کفالت کرنے کو کوئی بھی تیار نہیں ہے، الخدمت فاﺅنڈیشن نے اس پروجیکٹ کا آغا ز کرکے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الخدمت فاﺅنڈیشن ہر یتیم بچے کو ماہانہ تین ہزار روپے اسکار شپ دے رہی ہے جس میں بچوں کے درسی کتاب ، یونی فارم، شوز، کے علاوہ گھر کا راشن بھی شامل ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ یہ ساری زمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے جو کہ حکومت نہیں کررہی ہے ، اس مہنگائی کے دور میں یتیم بچے تعلیم حاصل کرنے سے قاصر ہیں۔
امیروں کے بچے دبئی ، لنڈن اور بیرون ملک میں تعلیم حاصل کررہے ہیں لیکن غریبوں کے لیئے بدین سمیت سندھ بھر میں تعلیمی دروازے بند کردیئے گئے ہیں تقریب میں جماعت اسلامی ضلع بدین کے جنرل سیکریٹری اللہ بچایو ھالیپوٹہ، الخدمت ضلع بدین کے صدر عبداللطیف کھوسہ،آرفن کیئر پروگرام کے انچارج عبدالشکور اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
تقریب کے آخر میں یتیم بچوں کے لیئے افطار اور ڈنر کا بھی اہتمام کیا گیا۔