اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن کی جنرل کونسل کا دو روزہ ششماہی اجلاس مرکزی صدرمحمد عبد الشکور کی زیر صدارت مقامی ہوٹل میں اختتام پذیر ہو گیا۔جس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل میاں بابر حمید ،احمد جمیل راشد، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال، سیکرٹری فنانس منور حسین،ریجنل صدور ، سیکرٹریز اور نیشنل ڈائریکٹرز سمیت بڑے شہروں کے صدور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
ریجنل صدور نے الخدمت فاؤنڈیشن کی گزشتہ 6 ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے ملٹی میڈیا پریزنٹیشن اوررپورٹس پیش کیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد مشتاق مانگٹ نے رمضان مہم کے حوالے سے خصوصی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اِس وقت الخدمت کفالت یتامیٰ کے تحت ملک بھر میں 7 ہزار یتیم بچوں کی کفالت کی جا رہی ہے جبکہ مواخات پروگرام کے تحت محنت کشوں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
محمد عبد الشکور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت اپنے پراجیکٹس کی مدد سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں کوشاں ہے۔ الخدمت ملک بھر میں مستحق اور نادار افراد کے لئے خدمات سر انجام دے رہی ہے جس کا مقصد پسے ہوئے طبقے کے مسائل کو سمجھتے ہوئے اُن کا سہارا بننا ہے۔