اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اورکیپٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مابین رضاکارانہ امور کو مشترکہ طور پر کرنے کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق کیپٹل یونیورسٹی کے طلباء طالبات الخدمت کے مختلف پراجیکٹس میں الخدمت کیساتھ اپنی رضاکارانہ خدمت پیش کریں گے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق مانگٹ اور کیپٹل یونیورسٹی کی طرف سے وائس چانسلر ڈاکٹر ایم منصور احمد نے معائدے پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
اجلاس کا انعقاد کیپٹل یونیورسٹی اسلام آباد میں ہوا جس میں الخدمت فاؤنڈیشن اور کیپٹل یونیورسٹی کے عہدیداران نے شرکت کی۔ معائدے کی تقریب ڈاکٹر عبد البصیر قاضی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے جنرل منیجر سفیان احمد خان، ایس ۔اے۔ شمسی ، خبیب بلال اور حسن افضل بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ نے کہاکہ الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ، کفالت یتامی، صاف پانی، کمیونٹی سروسز، تعلیم،مائیکروفنانس اور صحت کے پروگراموں میں معاشرے کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کررہی ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ عوام سے لے کر خواص تک اور فرد سے لے کر اداروں تک الخدمت کے فلاحی کاموں کو سراہا جاتاہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آج اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے کہ کیپٹل یونیورسٹی نے بھی انسانیت کی خدمت کے لیے الخدمت سے رضاکارانہ خدمات کا معائدہ کیا ہے جس پر وائس چانسلر ڈاکٹر منصور نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ الخدمت، انسانیت کے دکھوں کا مداوا اپنے حصے سے بڑھ کر رہی ہے اور کیپٹل یونیورسٹی الخدمت کے ہر پروگرام اور پراجیکٹ میں اپنے رضاکارانہ کاوشوں کوپیش کر ے گی۔