اسلام آباد: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت یتیم لڑکیوں کے لیے سوان گارڈن میں ’’ آغوش مری فار گرلز ‘‘ کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی ۔تقریب کے مہمانان خصوصی میاں محمد اسلم نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان، محمد انیس وی سی رفاہ یونیورسٹی اور سمیعہ راحیل قاضی تھے۔
جبکہ تقریب کے خصوصی میزبان محمد عبد الشکور صدر الخدمت فاؤنڈیشن، ڈاکٹر حفیظ الرحمان، ڈاکٹر انعام الرحمان، عامر محمود چیمہ،انجینئر صابر احمد، نویدہ، محی الدین ہاشمی، طلعت ظہیر ، شہناز ہارون اور سفیان احمد خان تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبد الشکور نے کہا کہ آغوش ہوم اسلام آباد فار گرلز اسلام آباد کے عوام اور بچوں کے لیے شاہکار عمارت ہے جسکی تعمیر الخدمت کی ا نسانیت کے لیے بہترین مثا ل ہے اور ہمیں بحثیت قوم ملکر یتیم بچوں کی فلاح وبہود کے لیے کام کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے آغوش سنٹرز میں بچوں ، بچیوں کو تعلیم، صحت ، خوراک ،رہائش اوردیگر بنیادی ضرورت فراہم کر رہیں ہیں۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنے ’’کفالت یتامی پروگرام‘‘ کے تحت یتیم بچوں کی دیکھ بھال کے لئے ملک بھر سے6,900 سے زائد بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت اس وقت یتیم بچوں کے لیے آٹھ (8)آغوش ہومز (یتیم خانے)کام کر رہے ہیں جو کہ ان ننھے معصوم پھولوں کوجدید تعلیم و تربیت،حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق صحت اورمعیاری رہائش کیساتھ ساتھ ہر قسم کی دیکھ بھال کا سامان مہیا کر رہیں ہیں۔
ڈاکٹر انیس احمد نے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے ساتھ ساتھ اپنے رب کی معرفت بھی حاصل کرنی ہے تاکہ یتیم بچوں کی خدمت سے ہمارا رب بھی ہم سے راضی ہو جائے۔ تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور آخر میں معزز مہمانان گرامی میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم ہوئیں اور افتتاح کے موقع پر فیتہ بھی کاٹا گیا۔