اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار پروگرام کے تحت 12 نومبر کو ہونے والی الخدمت یوتھ گیدرنگ کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا۔ جس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ ، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل احمد جمیل راشد اور 25 سے زائد یونیورسٹیوں سے الخدمت کے یوتھ ایمبیسڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس کا مقصد طلبہ و طالبات کو الخدمت یوتھ گیدرنگ کے حوالے سے ان کی ذمہ داریوں سے آگا ہ کرنا تھا۔ ا لخدمت فاؤنڈیشن اس رضاکار پروگرام کے ذریعے جہاں نوجوان نسل کی اخلاقی و معاشرتی تربیت کررہی ہے وہاں بحیثیت طالب علم اور ذمہ دار شہری ان کو اپنی ذمہ داریوں سے روشناس کروانے کے لئے بھی میدانِ عمل میں ہے۔
12نومبر کو ہونے والی اس یوتھ گیدرنگ کا مقصد طلبہ و طالبات کو وولنٹیر ازم کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے اور یہ بتانا ہے کہ وہ بحیثیت طالبعلم کیسے دکھی اور مجبور انسانیت کی خدمت کرسکتے ہیں۔ڈاکٹرمحمد مشتاق مانگٹ نے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ الخدمت یوتھ گیدرنگ مختلف مراحل پر مشتمل ہوگی جس میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور پرنسپل صاحبان بحیثیت رضا کارلیڈر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
جبکہ نامور موٹیویشنل اسپیکر عبدالصمد خان اور تنزیلہ خان وولنٹیرازم پر لیکچر دیں گے۔اسلام آباد سے علم دوستی کی مثال ماسٹر محمد ایوب سمیت ملک بھر سے ایسی شخصیات جنھوں نے خدمت کے شعبہ میں گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں ان کو بھی خصوصی طور پر پروگرام میں مدعو کیا گیا ہے۔