راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام یتیم بچیوں کے اقامتی ادارے آغوش الخدمت شیخوپورہ کی تعمیر کے لئے چیریٹی فن فیئر کا انعقاد کیا گیا۔چیریٹی فیئر کی رنگا رنگ تقریب میں مختلف سکولوں کے سینکڑوں بچوں نے اپنے عزیر اقارب کے ہمراہ شرکت کی۔محمد عبدالشکور نے اس موقع پر کہا کہ الخدمت وومن ونگ ٹرسٹ نے یتیم بچیوں کے آغوش ہوم کے لئے ایک شاندار تقریب سجائی ہے۔
ایسی تقریبات کے انعقاد سے ہمارے معاشرے میں ایک طرف جہاں ایسی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ میں مدد ملے گی،وہیں ان بچوں میں خدمت خلق کا جذبہ بھی پروان چڑھے گا۔ وومن ونگ ٹرسٹ کی صائمہ شبیر،فنانس سیکرٹری شیریں ارشد،د ثمینہ پرویز، انچارج سٹارز آف اسلام آمنہ خرم سمیت دیگر افرادبھی موقع پر موجود تھے۔ بچوں کے لئے فوڈ اسٹالز،بک اسٹالز،مختلف کھیلوں اورجھولوں سمیت بہت سی دوسری تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا تھا جن سے بچے بے حد محظوظ ہوتے نظر آئے۔
آغوش الخدمت شیخوپورہ فار گرلز میں 250سے زائد یتیم بچیوں کی گنجائش ہوگی۔ اس وقت ملک بھر میں10آغوش الخدمت ہومز میں کم و بیش 728 یتیم بچوں کوقیام و طعام، صحت و تعلیم اور ذہنی و جسمانی نشوونما کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا جارہا ہے جبکہ 5مزید آغوش ہومز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔