القاعدہ نے ڈرون طیارے گرانے کیلئے انجینئرز کا سیل بنا لیا : رپورٹ

Washington

Washington

واشنگٹن (جیوڈیسک) القاعدہ نے امریکی ڈرون طیارے گرانے کے لیے ماہر انجینئرز کا سیل بنا لیا۔ امریکی اخبار نے دعوی کیا ہے یہ انجینئرز ڈرون کو فضا میں قابو یا جام کرنے کی کوشش کریں گے۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق القاعدہ کی قیادت نے ڈرون طیاروں سے بچنے کا تکنیکی حل تلاش کر لیا ہے۔

القاعدہ کے ترتیب دیے گئے سیل میں ماہر انجینئرز ڈرون طیاروں کو جام یا فضا میں ان کا کنٹرول حاصل کر لیں گے۔ امریکی انٹیلی جنس کی خفیہ دستاویز کے مطابق القاعدہ دو ہزار دس سے ڈرون طیاروں کو شکست دینے کے لیے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ القاعدہ کمانڈرز کو امید ہے جدید ٹیکنالوجی سے ڈرون حملوں کو روکا جا سکتا ہے۔

اخبار کا کہنا ہے ابھی تک القاعدہ کے انجینئرز کی جانب سے کسی ڈرون کو گرانے کا ثبوت نہیں ملا ہے۔ یہ تفصیلات نیشنل سیکورٹی ایجنسی کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کی واشنگٹن پوسٹ کو فراہم کی گئی رپورٹ میں سامنے آئی ہیں۔ ڈرون طیاروں سے گزشتہ دس سالوں کے دوران تین ہزار افراد ہلاک ہوئے۔